کاروار، 27؍جنوری (ایس او نیوز) یوم جمہوریہ کی مناسبت سے کاروار کے مالادیوی میدان سے ایک جلوس نکالاگیاجس میں 1کیلو میٹر لمبا اور تین میٹر چوڑا ترنگا دیکھنے والوں کی دلکشی کا باعث بن گیا۔
مالادیوی میدان سے نکلنے والے اس جلوس کوضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے نے ہری جھنڈی دکھائی جس میں عوام، اسکولی طلبہ اور منتخب عوامی نمائندوں پر مشتمل 4تا5ہزار شرکاء نے طویل ترین ترنگا اٹھا رکھا تھا۔ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا ( این ایس یو آئی) کے ریاستی سکریٹری سدھارتھ نائک نے بتایا کہ این ایس یو آئی کی طرف سے دہلی میں تیار کیے گئے اس طویل جھنڈے کی نمائش اس سے پہلے صرف بیلاری میں کی گئی تھی اب یہ دوسرا موقع تھا جب یوم جمہوریہ کے حوالے سے اس ترنگے کی نمائش کاروار میں کی گئی جس کا مقصد عوام کے اندر حب الوطنی کے جذبے کو مزید بڑھاوا دینا ہے۔ اس جھنڈے کے پس منظر میں سیلفی تصاویرلینے والے عوام کی جیسے بھیڑ لگ گئی تھی۔